وزیر اعظم شہبازشریف کل سے چین کا 2 روزہ دورہ کریں گے: دفتر خارجہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف یکم اور 2 نومبر کو چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کیچیانگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں سال اپریل میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا چین کا پہلا دورہ ہوگا، وزیر اعظم نے 16 ستمبر 2022 کو ازبکستان میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی،چین کی کیمونسٹ پارٹی کی تاریخی 20 ویں نیشنل کانگریس کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنمائوں میں شامل ہیں۔وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح کے دوروں کے تسلسل کا اظہار ہے، وزیر اعظم دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم لی کیچیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران فریقین باہمی سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں جبکہ وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے 11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک منصوبے پر تعاون کی رفتار کو مستحکم کئے جانے کی بھی توقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.