وزیراعلیٰ سندھ جرائم پیشہ عناصر کی پردہ پوشی کررہے ہیں، کچھی رابطہ کمیٹی

کراچی: لیاری سے نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کیلیے حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ سندھ حکومت اور ان کی کمیٹیاں نااہل ہیں، لیاری بحالی کمیٹی اور سندھ حکومت کی جھوٹی یقین دہانیوں کی ضرورت نہیں ، ہم اپنے لوگوں کو بے یارو مدد گار نہیں چھوڑیںگے ، سندھی کچھی برادری کو دوبارہ اپنے آبائی علاقوں میں آباد کاری کرائیں گے، سندھی کچھی عوام کا تحفظ کریں گے۔کچھی رابطہ کمیٹی کے مرکزی رہنما اختر کچھی، حاجی آدم کچھی، انور شاہ کچھی، ابراہیم کچھی، محبوب کچھی، محمد صدیق کچھی اور دیگر نے لیاری سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی واپسی کیلیے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کا جائزہ لیا۔ کراچی پریس کلب میں قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کچھی رہنمائوں نے کہا کہ لیاری کے مسائل سے حکومت آنکھ چرارہی ہے ، مفاد پرست وزرا لیاری کے عوام کے خیر خواہ نہیں رہے۔مسلسل 2 ہفتے سے لیاری کی سندھی کچھی برادری کے افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں اور حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ لیاری کے مسائل پر توجہ دی جائے مگر وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی کمیٹی نے آج تک متاثرہ علاقوں کا دورہ تک نہیں کیا ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سیاست کرکے جرائم پیشہ عناصر کی پردہ پوشی میں مصروف رہے ، لیاری کی عوام کا کوئی خیال نہیں لیاری میں کوئی سیاسی مسئلہ نہیں، سندھ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلیے گمراہ کن بیانات جاری کررہی ہے۔ سندھی کچھی برادری کے متاثرین اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ اگر سندھی کچھی برادری کو انصاف نہیں ملا تو عالمی اداروں میں اپنی فریاد درج کرائیں گے ، لیاری کے عوام اور کچھی برادری کا مزید خون بہنے نہیں دیں گے ۔

تبصرے بند ہیں.