وزیراعظم کی زیر صدارت افغان حکومت کیساتھ دہشتگردی کیخلاف حکمت عملی کیلئے اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے افغان حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں سیکیورٹی حکام وزیراعظم کو پشاور واقعہ کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کریں گے جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پشاور حملے کا معاملہ افغانستا ن کے ساتھ اٹھانے کے ساتھ افغان حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس سے قبل وزیرداخلہ چوہدری نثار وزیراعظم نواز شریف کو ملکی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل پشاور میں ایئر فورس کے بیس کیمپ پر حملے میں ایک کیپٹن سمیت پاک فوج کے 29 اہلکار شہید جب کہ جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.