وزیراعظم نواز شریف کا بجلی کی قیمتوں میں2.19روپے فی یونٹ کمی کا اعلان

لاہور: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اورشہر کے حالات پہلے سے بہترہوئے ہیں جب کہ ایک دو واقعات سے گھبرانا نہیں چاہیے آئندہ 2 سال میں کراچی مکمل طور پر پر امن ہوگا۔

 

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے اتفاق رائے سے بڑے بڑے قومی فیصلے کیے، حکومت نے شفاف طریقے سے پالیسیاں بنائیں اورعمل درآمد کیا لیکن بعض افراد حکومت کی شفافیت پربلاوجہ اعتراض کررہے ہیں،حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچانا چاہتی ہے جس کے لئے انہوں نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19 پیسے فی یونٹ کمی کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ 2 روپے 14 پیسے فی یونٹ پچھلے بلوں کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بھی کم کیے جائیں گے، جس سے آئندہ مہینے کے بلوں میں واضح کمی نظر آئے گی۔

 

معاشی صورت حال پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، پاکستان میں معاشی بحال شروع ہوچکی ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں، توانائی کے شعبے میں مختلف منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے، متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پرکام کررہے ہیں،ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں ہیں، تاپی منصوبے کو چارسال میں مکمل کیا جائے گا۔

 

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کسی بھی چیز سے خوف زدہ نہیں ہوں گے،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کردہشت گردی اور خرابیوں کا مقابلہ کریں گے، سانحہ پشاورکوکبھی نہیں بھولیں گےحکومت آپریشن ضرب عضب کی صورت میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن لڑائی لڑ رہی ہے۔ ضرب عضب میں فوج سمیت تمام سیکورٹی اداروں اورعوام نےقربانیاں دیں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.