ورلڈ کپ ٹی 20 چیمپئن سری لنکا کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

قومی ٹیم پر پھولوں کی پتیوں کے ساتھ ڈالرز کی بھی بارش کر دی گئی۔ کُھلی چھت والی بس پر بیٹھا کر پورے شہر کا چکر لگوایا گیا۔ صدر راجا پکسے کی فرداً فرداً کھلاڑیوں کو فون پر مبارکباد

کولمبو: (آن لائن) ورلڈ کپ ٹی 20 چیمپئن سری لنکن ٹائیگرز وطن واپس پہنچے تو انہیں کُھلی چھت والی بس پر پورے شہر کا چکر لگوایا گیا۔ اس موقع پر کولمبو کی سڑکوں پر جشن کا سماں تھا۔ صدر راجا پکسے نے بھی فون پر تمام ٹیم ممبران اور آفیشلز سے بات کر کے جیت پر مبارکباد دی۔ کرکٹ بورڈ حکام نے شایان شان استقبال کیلئیے انتظامات کئے تھے۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہزاروں شائقین نے دل کھول کر داد دی۔ بورڈ کی جانب سے فاتح ٹیم کیلئے ایک ملین ڈالر بونس کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ ایونٹ میں شرکت اور سیمی فائنل میں رسائی کے پانچ لاکھ ڈالر بھی ملیں گے۔ سری لنکا نے بھارت کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے فیصلہ کن معرکے میں پچھاڑ کر ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا اب پانچواں ملک بن چکا ہے۔ اس سے قبل بھارت (2007)، پاکستان (2009)، انگلینڈ (2010) اور ویسٹ انڈیز ( 2012) میں ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔ یہ سری لنکا کی 1996ء کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد سب سے بڑی فتح ہے۔

تبصرے بند ہیں.