واحد ون ڈے، فنچ اور مارش نے اسکاٹش بولنگ کومسل دیا

ایڈنبرا: واحد ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلوی اوپنرز آرون فنچ اور شان مارش نے اسکاٹش بولنگ اٹیک کو مسل ڈالا۔ سنچریاں بنانے والے دونوں پلیئرزکے درمیان پہلی وکٹ کیلیے 246 رنز کا نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم ہوا، کینگروز نے مقابلہ 200رنز کے بڑے مارجن سے جیتا۔تفصیلات کے مطابق واحد ون ڈے انٹرنیشنل میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3وکٹ پر 362 رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے،آرون فنچ نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 16چوکوں کی مدد سے محض116 گیندوں پر 148رنز اسکور کیے، یہ ان کے کیریئر کی اولین ون ڈے سنچری ہے۔اس سے قبل گذشتہ دنوں انھوں نے ٹی 20 میں انگلینڈ کیخلاف 156رنز بناکر سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا، شان مارش نے 151رنز بنانے کیلیے 149 گیندوں کا سامنا کیا، دونوں کے درمیان 246 کی پہلی وکٹ کی شراکت کا نیا ملکی ریکارڈ بھی بنا، اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ کیلیے 212 کی ریکارڈ شراکت شان کے والد جیف مارش اور ڈیوڈ بون نے 1986 میں جے پور کے مقام پر بھارت کیخلاف قائم کی تھی، مارش اور فنچ کی یہ کاوش پہلی وکٹ کیلیے آل ٹائم بہترین شراکتوں میں چھٹے نمبر پر رہی، اسکاٹش ٹیم 43.5 اوورز میں 162رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ میشن 39، ماجد حق25 اور کولم میک لائیڈ24رنز بناکر نمایاں رہے، مچل جونسن نے 36رنز کے عوض4 وکٹیں لیں۔

تبصرے بند ہیں.