نیٹو سپلائی کی بندش کیلئے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے دھرنے

نیٹو سپلائی روکنےکےلئے تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا میں دھرنے دئے جارہے ہیں، کارکنان پشاور،خیر آباد،ٹانک، اٹک اورصوابی میں دھرنا دئے بیٹھے ہیں ۔ پشاور میں صبح دس بجے ہی کارکن رنگ روڈ اور حیات آباد پہنچنا شروع ہو گئے اور تمام گزرنے والے کنٹینرز کی تلاشی اور پوچھ گچھ شروع کر دی۔ حیات آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے کنٹینر نہ روکنے پر ایک ڈرائیور کو تشدد کانشانہ بھی بنایا۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ٹرک نیٹو کے نہیں بلکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت بھیجے جارہے ہیں، کنٹینرز میں کپڑا ہے جس کی رسیدیں بھی موجود ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکنان کا موقف ہے کہ کنٹینرز افغانستان جارہے تھے جنہیں روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیوروں نے ٹرک روکنے کے بجائے نامناسب رویہ اختیار کیا جبکہ بعض کنٹینرز نے کاغذات بھی نہیں دکھائے جس کی بنیاد پر انہیں روکا گیا۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات اشتیاق اورمڑ کا کہنا ہے جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوجاتے اس وقت تک نیٹو کنٹینرزکو افغانستان جانے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نےواضح کیا کہ نیٹو سپلائی کی بندش کے لئے سڑکوں پراگرایک سال بھی بیٹھنا پڑے تو بیٹھیں گے،پی ٹی آئی کارکنان دھرنے کی جگہوں پر شفٹوں میں بیٹھیں گے جبکہ شرکا کی سہولیات کے کئے ہر ممکن بندوبست کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور کے رنگ روڈ پر تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں نے ڈرون حملوں کے خلاف اور نیٹو سپلائی روکنے کے لئے دھرنا دیا جس میں عمران خان سمیت تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے کئی رہنماؤں اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خطاب کیا اور حکومت سے ڈرون حملے رکوانے کے لئے نیٹو سپلائی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.