نیوزی لینڈ میں ایک شخص 15ویں منزل سے گرکر بھی زندہ بچ گیا

ویلنگٹن: جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ایسا ہی کچھ ہوا نیوزی لینڈ میں جہاں ایک شخص 15ویں منزل سے گر کر بھی زندہ بچ گیا۔ 20 سالہ نوجوان ٹام اسٹل ویل اپنے دوستوں کے ہمراہ گھوم پھر کر جب گھر لوٹا تو اس کے اپارٹمنٹ کا دروازہ لاک تھا اور چابیاں نہ ہونے کے باعث وہ گھر میں داخل نہیں ہو سکا، نوجوان نے 15ویں فلور پر اپنی پڑوسی خاتون سے درخواست کی کہ وہ ان کے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے کود کر 14ویں منزل پر اپنے فلیٹ میں پہنچنا چاہتا ہے۔ پڑوسی خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوان کو اندر آنے کی اجازت تو دے دی لیکن وہ اسے بتانا چاہتی تھیں کہ اس کا اتنی اونچائی سے اپنے اپارٹمنٹ میں کود کر جانا انتہائی احمقانہ فیصلہ ہے کہ اسی دوران اس نے چھلانگ لگا دی۔ نوجوان کے دوستوں کا کہنا ہے کہ اس کی کمر اور گردن میں فریکچر ہوا ہے اور کچھ اندرونی چوٹیں بھی آئی ہیں لیکن وہ اسپتال کے کمرے میں بالکل ہشاش بشاس ہے اور باتیں بھی کر رہا ہے جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اتنی اونچائی سے گرنے سے انسان کو کہیں بھی اور کسی بھی قسم کی خطرناک چوٹیں آ سکتی ہیں اور اس اونچائی سے گرنے کے باوجود زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔

تبصرے بند ہیں.