نیب نے انسداد بد عنوانی کیلیے پاکستان ایپکس آرگنائزیشن قائم کر دی

اسلام آباد:  قومی احتساب بیورو (نیب) نے بدعنوانی کو تمام برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے پاکستان اپیکس اینٹی کرپشن آرگنائزیشن قائم کر دی جوگلگت بلستان اور فاٹا سمیت ملک بھر میں بدعنوانی کی روک تھام، عوام کو ترقی اور جائز حقوق سے محروم کرنے کے بارے میں آگاہی، انسداد بدعنوانی قوانین پر عمل درآمدکرنے کی ذمے داریاں سرانجام دے گی۔ تنظیم کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہوگا جبکہ7علاقائی دفاتر ہونگے۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے انسداد بدعنوانی کیلیے موثر حکمت عملی مرتب کی ہے جس کی روشنی میں نیب زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل پیرا ہے اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلیے پُرعزم ہے، گزشتہ16سال میں نیب کو3 لاکھ 9ہزارشکایات موصول ہوئیں، اس مدت میں نیب نے6300انکوائریاں مکمل کیں جن میں سے 56 فیصد میں باقاعدہ انکوائری، رسمی چھان بین اور80 فیصد کے خلاف انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر ریفرنسز عدالتوں میں بھجوائے گئے ہیں۔ 1762 کیسز میں سے889 کیسز میں سزائیں سنائی گئیں، اس طرح کیسزمیں سزا کی شرح 51 فیصد رہی۔ نیب کی اہم کامیابیوں میں ایک بڑی کامیابی وصولیاں کرنا ہے۔ نیب کی اولین ترجیح مالیاتی کمپنیوں، بینک فراڈ، بینک ڈیفالٹر،سرکاری ملازمین کا اختیارا ت سے تجاوز،حکومتی فنڈز میں غبن ، بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکا دہی کے امور پر کام کرنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.