نبیہا خودکشی کیس ، ڈی جی آڈٹ نے واقعے کی انٹرنل انکوائری کا حکم دے دیا

اہلخانہ کا پولیس تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار ، پولیس کارروائی سے جان چھڑانا چاہتی ہے :والدین کا الزام

لاہور ( ) لاہور میں زیر تربیت سی ایس پی آفیسر نبیہا کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا، لواحقین کے پولیس تفتیش پرتحفظات ہیں، کہتے ہیں کہ واقعہ کو خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے، ڈی جی آڈٹ شہزاد رضا نے انٹرنل انکوائری کرانے کا اعلان کر دیا ۔ زیر تربیت سی ایس پی آفیسر نبیہا کے اہل خانہ کو کراچی سے لاہور پہنچنے پر مردہ خانہ لایا گیا، نبیہا کی لاش کو دیکھنے کے بعد انہیں آڈٹ اینڈ اکائونٹس اکیڈمی لایا گیا، جہاں پولیس نے جائے وقوعہ دکھانے کیلئے دو گھنٹے انتظار کرایا، تفتیشی افسر نے مختلف حیلے بہانے تراشے ۔ پولیس کے رویئے پر نبیہا کی والدہ اور بہن نے شدید برہمی کا اظہار کیا، اُن کا کہنا تھا چند گھنٹے کی تحقیقات سے خودکشی کی تصدیق کیسے ہو گئی ۔ نبیہا کے ساتھیوں کا کہنا تھا وہ مضبوط اعصاب کی مالک لڑکی تھی، خودکشی نہیں کر سکتی ۔ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اینڈ اکائونٹس شہزاد رضا نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے ابتدائی رپورٹ ملنے کے بعد واقعے کی انٹرنل انکوائری کرائیں گے، کرائم سین کو سیل کیا گیا، نہ شواہد فرانزک لیب بھجوائے گئے اور پھر لواحقین سے رابطے کے بغیر واقعے کو خودکشی قرار دے دیا گیا ۔ پولیس کے مختلف بیانات سے لگتا ہے کہ وہ کارروائی سے جان چھڑانا چاہتی ہے ۔ لیکن نبیہا کے ورثاء بضد ہیں کہ اب جو بھی ہو حقائق سامنے لائے جائیں ۔

تبصرے بند ہیں.