نائن زیرو کے دروازے کسی کے لئے بند نہیں ہوتے، فاروق ستار

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نائن زیرو کے دروازے کسی کے لئے بند نہیں ہوتے،مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کی اپوزیشن میں بیٹھ کر حمایت اور غلط اقدامات کی مخالفت کریں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر وفاق کی علامت ہوتا ہے، انہیں امید ہے کہ یہ انتخاب ملک میں جمہوریت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا لیکن اس کے ساتھ ہی ایم کیو ایم کی خواہش تھی کہ صدارتی انتخاب کی تاریخ پر پیدا ہونے والے تنازع کو بااحسن طریقے سے حل کرلیا جاتا تاکہ بائیکاٹ کرنے والی جماعتیں بھی صدارتی انتخاب میں بھر پور طریقے سے حصہ لیتیں، وہ ممنون حسین کو پیشگی مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن زیرو کے دروازے سب پر کھلے ہیں اگر ممنون حسین صدر منتخب ہونے کے بعد آئے تو ان کا روایتی انداز میں استقبال کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو بھی ووٹ دیا تھا اور اب صدارتی امیدوار کی بھی غیر مشروط حمایت کی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے عوام کی اکثریت نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا ہے۔ ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کی غیر مشروط حمایت کرکے یہ واضح کردیا ہے کہ اگر حکومت کی تمام عوام دوست پالیسیوں کی اپوزیشن میں رہتے ہوئے حمایت اور عوام دشمن اقدامات کی بھرپور طریقے سے مخالفت کریں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ملک میں امن کے لیے غیرمشروط طور پر تعاون کے لئے تیار ہے۔ ملک کی موجودہ صورت حال میں قومی انسداد دہشت گردی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اگر ہم جیلوں کو محفوظ نہیں بناسکتے تو عام شہریوں کو تحفظ کس طرح فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.