مولا جٹ کی شوٹنگ کے دوران گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا: فواد کا انکشاف

شوٹنگ کے آغاز سے قبل میرا وزن 75 کلو تھا اور فلم کے لیے مجھے 100 کلو تک وزن کرنا تھا: انٹرویو میں گفتگو

دی لیجنڈ آف مولا جٹ  اب تک دنیا بھر سے مجموعی طور پر 133 کروڑ روپے کی آمدنی کے ساتھ سرفہرست ہے، فلم پاکستان میں 40 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر چکی ہے اور اب بھی فلم کی نمائش جاری ہے۔

اسی حوالے سے فواد خان نے حال ہی میں بھارتی ویب سائٹ ‘رولنگ اسٹون’ کو انٹرویو دیا جس میں اداکار نے بتایا کہ انہیں شوٹنگ کے دوران وزن بڑھانے کے باعث کئی مشکلات کا سامنا ہوا۔

فواد خان نے بتایا کہ ‘شوٹنگ کے آغاز سے قبل میرا وزن 75 کلو تھا اور فلم کے لیے مجھے 100 کلو تک وزن کرنا تھا’۔

اداکار نے بتایا کہ میں 17 برس کی عمر سے ذیابیطس ون کا مریض ہوں، اسی لیے مجھے کھانے پینے کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے لیکن مولا جٹ کے لیے میں نے ناچاہتے ہوئے وزن بڑھایا اور وزن بڑھنے کے باعث گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

اس سے قبل فواد خان نے اس بات کا انکشاف پاکستانی ویب شو میں بھی کیا تھا، فواد خان کے مطابق وہ کئی دن تک اسپتال میں داخل رہے تھے۔

دوران انٹرویو فواد نے کہا کہ ‘مجھے مولا جٹ کے کردار کا شوق تھا، اسی لیے وزن بڑھایا جس سے میری جسمانی صحت متاثر ہوئی’۔

تبصرے بند ہیں.