ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

کراچی: جشن عید میلاد النبیﷺ آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں شہر شہر اور گلی محلوں میں ریلیاں اور جلسے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

ملک بھر میں عاشقان رسول کی جانب سے گزشتہ روز نماز مغرب کے ساتھ ہی خاتم النبین، سید المرسلین آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے اور گاؤں کی گلیاں، کوچے، بازار اور چوراہے برقمی قمقموں سے منور ہیں اور ہر سو سبز پرچموں کی بہار ہے، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، نماز مغرب کے بعد ہی مساجد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور سنتوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے، بعض مقامات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے معروف متبرکات کے دیدار کا بھی انتظام کیا گیا۔ نعت خوانیوں اور دیگر روح پرور اجتماعات کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔

لاکھوں فرزندان توحید نے نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بارگاہ رب العزت میں آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں جب کہ سرکاری طور پر  دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

تبصرے بند ہیں.