ملتان میں وہاڑی چوک پر دھماکا، 10 افراد جاں بحق اور 59 زخمی

ملتان: وہاڑی چوک میں بس اسٹینڈ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 59 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور متاثرین کے لیے امداد کا اعلان بھی کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنرل بس سٹینڈ ملتان کے قریب انتہائی گنجان چوراہے وہاڑی چوک پر خوفناک دھماکے کے نتیجہ میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 60 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی آواز 4 کلو میٹر دور تک سنائی دی قریب عمارتوں کے درودیوار ہل گئے اور شیشے ٹوٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد آگ کا ایک گولا آسمان کی طرف اٹھا اور آسمان تیز نیلا ہوگیا اور ہر طرف انسانی اعضا بکھر گئے جبکہ کچھ افراد کئی فٹ تک اچھلے اور قریب کھڑی اور گزرنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی قریبی ریڑھیاں تباہ ہوگئیں اور ہر طرف آہ و بکا اور چیخ و پکار کے مناظر تھے۔ دھماکے کے فوری بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اٹھانا شروع کیا جس کے چند لمحوں بعد ریسکیو حکام اور ایمبولینس بھی پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

تبصرے بند ہیں.