ملالہ یوسف زئی کو بچوں کے عالمی امن ایوارڈ 2013 سے نوازا گیا

دی ہیگ: ملالہ یوسف زئی کو ان کی بہادری اور تعلیم حاصل کرنے کے لئے ان کے شوق و جذبے کو سراہنے کے لئے ہیگ میں بچوں کے عالمی امن ایوارڈ 2013 سے نوازا گیا۔ ایوارڈ ملنے کے بعد تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ گزشتہ سال طالبان کی جانب سے ان پر قاتلانہ حملے نے انہیں مزید مضبوط بنایا اور تعلیم حاصل کرنے کے لئے ان کے عزم و ہمت میں پہلے سے کئی زیادہ اضافہ کر دیا۔ ملالہ نے کہا کہ دنیا میں کئی ایسے بچے ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم نہیں اور انہیں ان کے حقوق دلانے کے لئے ہمیں اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔ یمن کی صحافی اور 2011 میں امن کے نوبل انعام یافتہ توکل کرمان نے ملالہ کو اس ایوارڈ سے نوازا اور ملالہ کو مخاطب کرکے انہیں اپنا ہیرو کہا، انہوں نے کہا کہ جو گولی تمہارے سر میں لگی وہ تمہارے ملک میں انقلاب کا ضامن ثابت ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے حق سے نہیں روک سکتی۔ واضح رہے ملالہ کو خواتین کے حقوق اور تعلیم کے حصول کے لئے آواز بلند کرنے پر رواں سال نوبل پرائز کے لئے بھی نامزد کیا جاچکا ہے ، تعلیم کے فروغ کے لئے ملالہ فنڈ بھی قائم ہوچکا ہے جس میں سب سے پہلے رقم اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر انجلینا جولی نے جمع کرائی تھی، ملالہ یوسف زئی کے نام پر فنڈ کے قیام کا مقصد دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کے لئے اقدامات کرنا ہے

تبصرے بند ہیں.