مصر میں قومی پرچم کی توہین پر مشہور بیلی ڈانسر کو قید کی سزا کا سامن

آرمینیا سے تعلق رکھنے والی بیلی ڈانسر پر الزام ہے کہ اس نے مصر کے قومی پرچم جیسا لباس پہن کر ایک تقریب میں ڈانس کیا تھا۔

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مقیم ایک مشہور بیلی ڈانسر کو قومی پرچم کی توہین کے الزام میں جیل کی سزا کا سامنا ہے۔ آرمینیا سے تعلق رکھنے والی اس بیلی ڈانسر پر الزام ہے کہ اس نے مصر کے تین رنگوں سرخ، سفید اور سیاہ پر مشتمل قومی پرچم جیسا لباس پہن کر ایک تقریب میں ڈانس کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس رقاصہ کا کیس عدالت میں بھیج دیا گیا ہے۔ خوبرو بیلی ڈانسر سفیناز بھڑکیلے لباس پہن کر رقص کرتی ہیں اور اس کے رنگا رنگ ویڈیو کلپ انٹرنیٹ کے ذریعے منظر عام پر آتے رہتے ہیں۔ مصری پراسیکیوٹرز نے گزشتہ سال اگست میں اس کو قومی پرچم کی توہین کے الزام میں مزید تفتیش کے لئے طلب کیا تھا۔ اس نے بحیرہ احمر کے کنارے واقع ایک سیاحتی مقام پر یہ لباس پہن کر ایک پارٹی میں ڈانس کیا تھا۔ مارچ کے اوائل میں مصر میں مقبول اس آرمینیائی ڈانسر کو اس واقعے پر پوچھ تاچھ کے لئے گرفتار کیا گیا تھا لیکن اس کو اسی روز 2620 ڈالرز کی ادائی کے بدلے میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مصر میں جون 2014ء سے نافذ العمل ایک قانون کے تحت قومی پرچم کی توہین کے مرتکب شخص کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اگر عدالت سفیناز کو قصور وار ٹھہراتی ہے تو اس کو ایک سال تک قید اور چار ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔ سفیناز کا اپنے دفاع میں کہنا ہے کہ میں نے مصری پرچم کے رنگوں والا لباس مصر کی محبت میں زیب تن کیا تھا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ مصر سے کہیں اور جانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.