لارڈز ٹیسٹ؛ بیل نے کینگرو بولرز کا جینا دوبھر کردیا
لندن: ای ین بیل نے کینگرو بولرز کا جینا دوبھر کر دیا، انھوں نے مسلسل تیسری ایشز سنچری جڑنے والے چوتھے انگلش بیٹسمین کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن7 وکٹ پر289 رنز اسکور کیے، جوناتھن ٹروٹ اور جونی بیئراسٹو نے ففٹیز بنائیں، ریان ہیرس اور اسٹیون اسمتھ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سیریز میں برتری کی حامل انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، کپتان الیسٹر کک کے ساتھ جوائے روٹ اننگز کا آغاز کرنے میدان میںآئے، پانچویں اوور میں واٹسن کی ایک گیند سوئنگ ہو کر کک (12) کے پیڈز سے جا ٹکرائی، امپائر ایرسمس نے انگلی بلند کرنے میں کوئی تاخیر نہ کی، کک بھی ان کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی ہمت نہ کر پائے، اگلے اوور میں ہیرس نے روٹ (6) کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا مگر انھوں نے فیصلے کو ریویو کر دیا۔ تھرڈ امپائر ٹونی ہل نے ری پلیز دیکھ کر یقین کر لیا کہ گیند پہلے پیڈز پھر بیٹ سے ٹکرائی تھی، ابھی میزبان ٹیم اس نقصان سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ اسی اوور کی آخری گیند کیون پیٹرسن (2) کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے گلوز میں محفوظ ہو گئی،28 رنز پر 3 وکٹیں لے کر کینگرو کرکٹرز خوشی سے پھولے نہ سمائے مگر وہ یہ بھول گئے کہ ای ین بیل ابھی باقی ہیں، دوسرے اینڈ پر موجود جوناتھن ٹروٹ بھی مثبت انداز سے بیٹنگ کر رہے تھے، دونوں نے آسٹریلوی بولرز کی خوش فہمی دور کرتے ہوئے دلکش کھیل پیش کیا، چوتھی وکٹ کیلیے 99 رنز کی شراکت سے انگلش ٹیم کے اوسان بحال ہوئے، ٹروٹ 58 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رخصت ہوئے۔
تبصرے بند ہیں.