فٹ بال عالمی کپ جنوبی امریکا یا یورپ کا، فیصلہ کوارٹر فائنلزمیں

فٹ بال کی عالمی جنگ میں بر اعظم یورپ اور بر اعظم جنوبی امریکا ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں، اوران کی چار چار ٹیمیں اس کے تیسرے مرحلے میں ٹکرائیں گی۔

ساو پاولو(ویب ڈیسک)فٹ بال کے شائقین کوپچھلے تین ہفتوں کے دوران تیز، جارحانہ،سنسنی خیز اور پرجوش کھیل دیکھنے کو ملا ۔ اب کوارٹر فائنل مرحلے میں مزید سخت مقابلے ہوں گے، یورپ اور جنوبی و لاطینی امریکاکی چار چار ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ فٹ بال کا عالمی کپ کس کو ملے گا،یہ فیصلہ تو 13 جولائی کو ہوگا، تاہم فٹ بال کی دنیا میں طاقت کا توازن یورپ کے حق میں ہے یا جنوبی امریکا کے، یہ فیصلہ جمعے اورہفتے کو ہونے والے کوارٹر فائنلزمیں ہو سکتا ہے۔ جنوبی امریکامیں کھیلے جانے والے سات ورلڈ کپ مقابلوں میں سے یورپی ٹیم ایک بھی نہیں جیت سکی ہے، جبکہ جنوبی امریکی ممالک میں سے صرف برازیل ہی ایک بار یورپی سرزمین پر فٹ بال کا عالمی چیمپئن بن سکا ہے اور اس واقعے کو بھی 56 سال گزر چکے ہیں۔ اب ہالینڈ، فرانس، جرمنی اوربیلجیم کے پاس تاریخ میں اپنا نام درج کروانے اور یورپ کی بالادستی قائم کرنے کا سنہری موقع ہے۔ عالمی کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں اکثر یورپ کی بالادستی رہی ہے۔ جب چار برس قبل جنوبی افریقہ میں ارجنٹائن، برازیل، پیراگوائے اور یوروگوائے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے تو 1970 کے بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنلز میں جنوبی امریکا کو قابلِ ذکر نمائندگی ملی تھی۔ اس مرتبہ بھی جنوبی امریکا کی چار ٹیموں کا کوارٹر فائنل میں پہنچنا اس خطے کے ممالک کے عزم اور کھیل کے میدان میں ان کی کارکردگی کا عکاس ہے اور وہ 1990 اور 1994 کے اس تاریک دور سے باہر نکل آئے ہیں جب صرف اس خطے کی ایک ٹیم ہی اس مرحلے تک پہنچ پائی تھی۔ جرمن کوچ کے خیال میں جنوبی امریکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ وہاں جنم لینے والوں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔ جنوبی اور وسطی امریکی ٹیموں، ارجنٹائن، کولمبیا، برازیل، میکسیکو اور کوسٹاریکا نے یہ ثابت کیا ہے کہ اپنے براعظم پر وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔ یورپی لیگز میں بڑی تعداد میں جنوبی امریکی ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت کے نتیجے میں وہ یورپی ٹیموں کے کھیلنے کے طریقوں سے واقف ہو چکے ہیں جس کا اثر ورلڈ کپ میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔ اس ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ گول کرنے والے تین کھلاڑی کولمبیا کے جیمز رادریگز، برازیل کے نیمار اور ارجنٹائن کے میسی یورپ میں بالترتیب موناکو اور بارسلونا جیسے کلبوں کے لیے کھیلتے ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.