فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ،ساڑھے چھ ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل

پاک فوج کی جانب سے پانی میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کیلئے کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے

گوجرانوالہ ( ) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج بھرپور طریقے سے امدادی کارروائیاں کررہی ہے ۔ پاک فوج نے اب تک چھ ہزار پانچ سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے ۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج میدان عمل میں ہے ۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے پاک فوج کی تین سو کشتیاں اور پانچ ہیلی کاپٹرز استعمال کئے جارہے ہیں ۔ ریلیف آپریشن کے دوران اب تک سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، گوجرانوالہ، چھپرار، بجوات، اور قادر آباد سمیت مختلف علاقوں سے سیلاب متاثرہ علاقوں سے اب تک 6500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ جلالپور بھٹیاں میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے چار روز سے پھنسے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ۔ چینوٹ ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور منڈی بہائو الدین میں سیلاب میں پھنسے افراد کیلئے ہیلی کاپٹر سے کھانے پینے کی اشیاء گرائی گئیں ۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹنٹ جنرل سلیم نواز نے حافظ آباد، وزیر آباد، ہیڈمرالہ، منڈی بہاؤالدین، بجوات، قادر آباد، ونیکے تارڑ سمیت کئی شہروں میں کا فضائی دورہ کیا، اور پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ دوسری طرف ملتان میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر 600 جوانوں پر مشتمل فوج کی چار کمپنیوں کو مظفر گڑھ ، ڈیرہ غازی خان اور شجاع آباد میں تعینات کیا گیا ہے ۔ فوجی جوانوں کو لیہ، ساہیوال اور تریموں ہیڈ ورکس کی طرف بھی راونہ کیا گیا ہے ۔ –

تبصرے بند ہیں.