فضل الرحمان کا الیکشن کمیشن سے گورنر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو ہٹانے کا مطالبہ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی گورنروں کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گورنرخیبر پختونخوا انجنیئر شوکت اللہ غیر جانبدارانہ انتخابی عمل میں اثر انداز ہورہے ہیں، ان کی موجودگی میں صوبے میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ممکن نہیں، ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار مگسی بھی سیاسی شخصیت ہیں جو کہ ان کے منصب کے شایان شان نہیں، اس لئے الیکشن کمیشن دونوں صوبوں کے موجودہ گورنروں کو ہٹا کر ان کی جگہ غیر جانبدار شخصیتوں کا تقرر کرے۔ واضح رہے کہ انجنیئر شوکت اللہ 2008 میں باجوڑ ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے سابق حکومت میں وفاقی وزیر کی ذمہ داریاں بھی نبھائی تھیں تاہم بیرسٹر مسعود کوثر کی علالت کے باعث صدر آصف زرداری نے انہیں خیبر پختونخوا کا گورنر مقرر کیا تھا جبکہ گورنر بلوچستان سردار ذوالفقار مگسی کو صدر زرداری نے چار برس قبل اس عہدے پر مقرر کیا تھا دو سال قبل انہوں نے اپنا استعفیٰ ایوان صدر کو بھجوایا تھا تاہم اسے اب تک منظور نہیں کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.