غداری کیس،ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ ، جمعہ کو سنایا جائیگا

اسلام آباد()مشرف غداری کیس میں ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق مشرف کے وکلاء کے دوبارہ دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ، خصوصی عدالت جمعے کو تعصب سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ سنائے گی۔

غداری کیس میں دائر متفرق درخواستوں پر جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے سماعت کی ۔ پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق درخواست پر دوبارہ دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ‫جس جج پر متعصب ہونے کا الزام ہو اسے بینچ سے الگ ہو جانا چاہئے ۔ ‫انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے بینچ کا غیرجانبدار ہونا ضروری ہے۔ انور منصور کا کہنا تھا کہ ٹی وی ‫ٹاک شو میں ایک جج کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ مشرف جلد ہتھکڑی میں عدالت پیش ہونگے،‫ایسے رویئے سے ججوں کی نیک نامی پر حرف آتا ہے، ‫کسی نے اس بیان کی تردید نہیں کی، مشرف کے وکلاء کی جانب سے ٹی وی ٹاک شو کی سی ڈی بھی عدالت میں پیش کی گئی۔اس پر جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ تردید کس نے کرنی تھی۔ ایڈووکیٹ رانا اعجاز نے کہا کہ ‫اس ٹی وی پروگرام میں میں بھی شریک تھا، ‫یہ ججوں پر سنگین الزام باعث تشویش ہے۔جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ کسی شخص کے دانستہ الزام کی بنیاد پر جج کا سماعت سے الگ ہونا خطرناک بات ہو گی۔یہ اقدام ایک طرح کا اعتراف ہو گا کہ میں نے یہ بات کہی تھی۔وکلاء صفائی کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ ‫ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق معاملہ عدالت اور وکلاء صفائی کے درمیان ہے، پراسیکیوٹر کی معاونت یا دلائل کی ضرورت نہیں۔عدالت نے ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت اکیس فروری تک ملتوی کر دی،فیصلہ جمعے کو سنایا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.