عوام دہشتگردی کیخلاف لڑنے کا اختیار دیں، مصری فوج

قاہرہ: مصر کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کو سڑکوں پر نکل کر ’دہشت گردی ‘ کے خلاف مظاہرہ کریں۔ جنرل عبدالفتح السیسی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ فوج کو تشد اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا اختیار دیں۔ صدر مرسی کے حامی 3جولائی کو فوجی مداخلت کے بعد انھیں اقتدار سے ہٹائے جانے کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ تاہم جنرل عبدالفتح السیسی جو نئی حکومت میں وزیرِ دفاع بھی ہیں،کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں میں تشدد نہیں چاہتے بلکہ قومی مصالحت چاہتے ہیں۔جنرل عبدالفتح السیسی نے فوج کی گریجویشن تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آنے والے جمعے کو باہر نکل کر اپنے ارادے ظاہر کریں اور فوج اور پولیس کو ممکنہ تشدد اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا اختیار دیں۔ ادھر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جن پساکی نے کہا کہ مصری آرمی چیف کی طرف سے مظاہروں کی کال سے مصر میں عدم استحکام بڑھے گا اور خون خرابے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں شہر منصورہ میں ایک پولیس اسٹیشن کے باہر بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ19افراد زخمی ہوگئے۔

تبصرے بند ہیں.