عطااللہ مینگل اوراخترمینگل مسائل کے حل میں تعاون کریں، عبدالمالک بلوچ
کوئٹہ: بلوچستان کے نامزد وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں ان کی کوشش ہوگی کہ تمام قوتوں کو مذاکرات کی میز پر لےآئیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ قوم پرست اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں، عطا اللہ مینگل اور سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے لئے بہت جدوجہد کی ہے وہ ان سے اپیل کرتے ہیں کہ صوبے کے مسائل حل کرنے میں تعاون کریں۔ نامزد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان بھر میں ایماندار اور بہادر افسر تعینات کئے جائیں گے، بلوچستان میں پولیس اور دیگر صوبائی فورسز کی صلاحیتیں بڑھانے کی ضرورت ہے، اگر آئندہ حکومت نے ایسا کرلیا تو پھر صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے لیویز یا کسی دوسری سیکیورٹی فورس کی ضرورت نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملکی خزانے سے نہ خود ایک پیسہ لیں گے اور نہ ہی کسی کو لینے دیں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو مسلم لیگ (ن)، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کے لئے نامزد کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.