عراق کے مختلف شہروں میں خود کش حملے اوربم دھماکے، 41 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں خودکش بم حملوں، دھماکوں اور دیگر پرتشدد واقعات میں 41 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ رات بغداد کے شمالی علاقے میں 8 سابق القاعدہ جنگجوؤں کو ان کے گھروں سے اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا گیا جس کے بعد دارالحکومت کے نواحی قصبے مقدادیہ میں ایک عراقی فوجی کے تدفین کے موقع پر ہونے والے خودکش حملے میں 23 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ صوبہ دیالہ کے دارالحکومت بعقوبہ میں ایک ہوٹل کے قریب ہونے والے دھماکے میں 10 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ واضح رہے کہ عراق میں فرقہ وارانہ فسادات میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے اور گزشتہ 3 ماہ کے دوران خود کش حملوں، بم دھماکوں اور دیگر پرتشدد واقعات میں ڈھائی ہزار سے زائد سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.