عدالت کا پنجاب حکومت کوعمران خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے عمران خان کیخلاف تمام کیسز سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر جے آئی ٹی کو عمران خان تک رسائی دی گئی، ٹیم نے عمران خان سے مختلف مقدمات میں تفتیش کی۔جسٹس علی باقر نجفی نے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی ہے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ ابھی تک تفتیش رپورٹ ہم تک نہیں پہنچی، جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ لگتا ہے آپ نے ہمارے حکم کو سنجیدہ نہیں لیا۔عدالت نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ عمران خان کتنے مقدمات میں نامزد ہیں،رپورٹ دی جائے، جن کیسز میں عمران خان پولیس کو مطلوب ہیں انکی تفصیل بھی عدالت کو بتائی جائے۔جسٹس علی باقر نجفی کے ریمارکس دئیے کہ اگر عمران خان بے گناہ ہیں تو پولیس انہیں مقدمے سے ڈسچارج کرے اور اگر قصور وار ہیں تو انہیں چالان کریں، عدالت نے پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت 12 مئی تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ عمران خان نے 121 مقدمات کی کارروائی روکنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے، اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 121 مقدمات کو یکجا کرنے کی متفرق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

تبصرے بند ہیں.