عبدالقادر نے مصباح کوکیریئرجاری رکھنے کا مشورہ دیدیا

لاہور: عبدالقادر نے بھی مصباح الحق کو ٹیسٹ کیریئر جاری رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق ٹیسٹ کیریئرجاری رکھنے یا ریٹائرمنٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کر پائے ہیں، مگر سابق اسٹار عبدالقادر نے انھیں بدستور کھیلتے رہنے کی صلاح دے دی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ مؤخر کرنے کی درخواست کر کے درست قدم اٹھایا، ٹیسٹ کپتان کو کیریئر جاری رکھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی، انھیں یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہیئے۔

عبدالقادر نے کہا کہ میرے خیال میں تو مصباح الحق کو ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا، وہ دونوں فارمیٹ میں کھیلنے کے لیے فٹ اوربطورقابل بھروسہ بیٹسمین ٹیم میں شامل رہنے کا حق رکھتے تھے۔ سابق اسپنر نے شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یاسر شاہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے، گرین شرٹس ون ڈے میچز میں بھی حریف پر اپنی برتری ثابت کردیں گے۔

انھوں نے کہا کہ انگلش ٹیم یواے ای کے گرم موسم اورمشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کی عادی نہیں، اسی وجہ سے گذشتہ سیریز میں کلین سویپ کا شکار ہوگئی تھی، اس باربھی تمام تر دباؤ مہمانوں پر ہی ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.