عازمین حج لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے مِنیٰ کی جانب رواں دواں

مکہ المکرمہ: مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے اورمکہ مکرمہ پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد عازمین  لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے مِنیٰ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ رات قیام کے بعد صبح میدان عرفات کی جانب جائیں گے۔

میدان عرفات میں عازمین مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کریں گے، نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفات ہوگا جس میں  حاجی اللہ رب العزت کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں  کریں  گے۔

سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کے لئے فوری طور پر میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے، اس کے بعد حجاج مزدلفہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نماز مغرب اور نماز عشاء اکٹھی ادا کریں  گے اور کنکریاں  چننے کے بعد رات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں  قیام کریں گے۔

10 ذوالحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی واپس منیٰ پہنچیں گے جہاں وہ پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اور رمی کے بعد بال منڈوا کراحرام کھول دیں گے۔

11 ذوالحج کو بھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور اس دن بھی رات کا ایک خاص پہر منٰی میں قیام کرنے کا حکم ہے، 12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجیوں کی مکہ کے لئے واپسی شروع ہوجائےگی۔

12 ذوالحج کو مغرب سے پہلے تمام حاجیوں کے لئے لازم ہے کہ وہ مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں ۔اس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.