طاہر القادری وطن واپس پہنچ گئے، کارکنوں کا پرتپاک استقبال ، فلک شگاف نعرے

لاہور(پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری پاکستان پہنچ گئے ، وہ ایمریٹس کی پرواز سکس ٹو ٹو کے ذریعے لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچے ، کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا ، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ 

ڈاکٹر طاہر القادری ایمریٹس کی پرواز ای کے سکس ٹو ٹو کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے ۔ ان کا طیارہ بیس منٹ تاخیر سے اترا ، سر پر سیاہ ٹوپی کالی قمیض پر براؤن دھاری دار کوٹ پہنے ڈاکٹر طاہر القادری ایئر پورٹ سے باہر آئے تو کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا اور گلاب کی پتیاں نچھاور کیں ۔ اس موقع پر حق نواز گنڈا پور ان کے دونوں صاحبزادوں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں بچے ، بوڑھے اور خواتین بھی شامل تھیں ۔ سرخ سفید اور سبز پرچم لہراتے سروں اور گلے میں پارٹی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے رومال اور گلے میں اسکارف ڈالے کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنے قائد کو خوش آمدید کہا ۔ سخت سیکورٹی حصار میں ڈاکٹر طاہر القادری کالے رنگ کی پراڈو میں سوار ماڈل ٹاؤن کی طرف روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی گرم ہونے کے باعث کچھ دیر رکی رہی تاہم کچھ دیر بعد ان کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہو گیا ۔ عوا می تحریک نے طاہر القادری کے لئے پنجاب پولیس کی سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا ہے تاہم روٹ کی سیکورٹی پنجاب پولیس کی ذمہ داری ہوگی ۔ دھرنے کا ادھورا مشن اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بازگشت کے ساتھ طاہر القادری عید کے بعد احتجاجی سیاست کے لئے نئی صف بندی کریں گے۔

 

تبصرے بند ہیں.