طالبان کمیٹی کی میرانشاہ سے پرامید واپسی

نوشہرہ: طالبان کمیٹی کے ارکان میرانشاہ سے واپسی پر اکوڑہ خٹک پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے کمیٹی کے اہم رکن مولانا سمیع الحق کو طالبان کی سیاسی شوری سے ہونے والے مذاکرات اور ان کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات پر بریفنگ دی ہے۔ اکوڑہ خٹک میں طالبان کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کمیٹی اراکین نے میرانشاہ میں طالبان قیادت سے مذاکرات کیے، جو صبح تک جاری رہے، آئین کے دائرے میں رہ کر مذاکرات پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ مذاکرات کو نقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان کی 10 رکنی سیاسی کمیٹی سے بامقصد مذاکرات ہوئے، طالبان نے مثبت جواب دیا ہے اور ہم پر امید ہیں، بات چیت کا سلسلہ آگے بھی چلے گا۔ یوسف شاہ نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ڈرون طیارے بھی پرواز کرتے رہے۔ واضح رہے کہ طالبان کمیٹی کے ارکان پیر کے روز وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے مہیاں کئے گئے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اکوڑہ خٹک پہنچے جہاں انہوں نے مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی اور انہیں طالبان کی سیاسی شوری سے ملاقات اور ان کی جانب سے کئے گئے مطالبات سے آگاہ کیا۔ اور  امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طالبان کمیٹی کے ارکان جلد حکومتی کمیٹی سے رابطہ کریں گے تاکہ ملاقات کے لئے وقت مقرر کیا جاسکے جس میں حکوت کو طالبان کے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کیا جائیگا۔

 

تبصرے بند ہیں.