ضمانت قبل از گرفتاری: حمزہ کی درخواست 8 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر

حمزہ شہباز نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں2 رکنی بنچ 8 اپریل کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد پرویز نے دائر کی۔ درخواست میں ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے غیر قانونی طور پر چھاپہ مارا، ہائیکورٹ نیب کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا کہہ چکی ہے اور ہائیکورٹ کے حکم بھی موجود ہے لیکن نیب نے احکامات ہر عمل درآمد نہیں کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے اندورن اور بیرون ملک تمام اثاثے ظاہر کر دئیے ہیں، کسی قسم کے آمدن سے زائد اثاثے نہیں بنائے، نیب کے الزامات بے بنیاد ہیں، نیب کے ساتھ تفتیش میں مکمل تعاون کیا جا رہا ہے، اس کے باوجود نیب غیر قانونی طور پر ہراساں کر رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کو ہراساں کرنے ےروکے اور وارنٹ گرفتاری کو فوری معطل کر کے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

 

تبصرے بند ہیں.