شعیب ملک نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

شارجہ: پاکستان کے آل راؤنڈرشعیب ملک نے ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرمنٹ کااعلان کردیا ہے تاہم انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ  وہ  ورلڈ کپ 2019 کھیلناچاہتے ہیں۔

شارجہ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹارئر منٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم انہوں نے ساتھ ہی 2019 کے ورلڈ کپ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے شیعب ملک کا کہنا تھا کہ وہ اب نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔

شعیب ملک نے بنگلا دیش کے خلاف 2001 میں اپنے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز کیا، انہوں نے 34 ٹیسٹ میچ کھیل کر  35.76  کی اوسط سے 1860 رنز بنائے جس میں 3 سیچریاں اور 8 نصف سینچریاں شامل ہیں جب کہ وہ ایک روزہ میچز میں اب تک 8 سینچریوں اور 34 نصف سینچریوں کی مدد سے 5990 رنز بنا چکے ہیں۔

آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹیسٹ میچز میں 25 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں جب کہ ایک روزہ میچز میں وہ 147 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ شعیب ملک کویہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہیں صرف 25 سال کی عمر میں 2007 میں گرین شرٹس کی قیادت  سونپی گئی اور انہوں نے اپنی پہلی ہی سیریز میں سری لنکا کو شکست دی۔

تبصرے بند ہیں.