شاعر مشرق علامہ اقبال کا 137واں یوم پیدائش ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 137واں یوم ولادت ملک بھر میں قومی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے جبکہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کے چاک وچوبند دستے نے اپنے فرائض سبنھال لیے۔ علامہ اقبال کی شاعری زندہ شاعری ہے جو ہمیشہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی، یہی وجہ ہے کہ کلام اقبال دنیا کے ہر حصے میں پڑھا جاتا ہے اور برصغیر کے مسلمان اس کا بڑی عقیدت کے ساتھ مطالعہ کرتے اور ان کے فلسفے کو سمجھتے ہیں، اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا، ان کی کئی کتابوں کے انگریزی، جرمنی، فرانسیسی، چینی، جاپانی اور دیگر زبانوں میں ترجمے ہوچکے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ غیر ملکی بھی آپ کے کلام اور فلسفے کے قائل ہیں۔ لاہور میں مسلمانوں کو فکری پسماندگی اور خواب غفلت سے بیدار کرنے والے شاعر مشرق کی مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جہاں پاک نیوی کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنھبالے اور انہیں سلامی پیش کی، نیوی کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور اکبر نقی نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اور دیگر اہم شخصیات نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے جبکہ ملک میں عام تعطیل کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد بھی مزار اقبال پر پہنچی۔ دوسری جانب یوم ولادت اقبال کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں جن میں نئی نسل کو اقبال کے کلام سے روشناس کرایا جارہا ہے اور ان میں اقبال کے فلسفے کی روح پھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ چند ایک مقامات پر موقع کی مناسبت سے ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.