سندھ ہائیکورٹ: 3 ایڈیشنل ججز نے مستقل ججز کا حلف اٹھالیا

کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں نے مستقل ججوں کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کہتے ہیں کہ الیکشن میں کسی عدالتی افسر کے خلاف شکایت نہیں ملی۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے مستقل ہونے والے ججوں سے حلف لیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سندھ ہائی کورٹ کے تمام ججز سندھ ہائی کورٹ بار کراچی بار سندھ بار کونسل کے نمائندوں سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مستقل ہونے والے ججز میں جسٹس عبدالرسول میمن، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس صادق حسین بھٹی شامل ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور کسی عدالتی افسر کے خلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ جسٹس مشیر عالم نے مزید کہا کہ الیکشن میں عملے کی غیرحاضری اور پولنگ میں تاخیر کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.