سعودی عرب کی درخواست پر فوج بھیجی جائے یا نہیں ، فیصلہ آج ہوگا

وزیر اعظم نے سعودیہ یمن تنازع ختم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں شروع کر دیں ، پہلے مرحلے میں ترکی کا دورہ کرینگے

اسلام آباد:) سعودی عرب فوج بھیجی جائے یا نہیں ؟ آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوگا ، اے پی سی بلانے کے مطالبے پر بھی غور ہوگا ، نواز شریف نے سعودیہ یمن تنازع کے حل کے لئے سفارتی کوششیں بھی شروع کر دیں ، وہ پہلے مرحلے میں ترکی جائیں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے یمن کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس آج طلب کرلیا ، تینوں سروسز چیفس کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ خواجہ آصف اور سرتاج عزیز سعودی عرب کے دورے کے حوالے سے بریفنگ دیں گے ، اجلاس میں سعودی عرب کی تعاون کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا اور سعودی عرب میں فوج بھیجنے ، یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء اور اس حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اے پی سی بلائے جانے کے مطالبے پر بھی فیصلہ متوقع ہے ۔ وزیر اعظم نے یمن سعودی عرب تنازع کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں بھی شروع کر دی ہیں ۔ اس سلسلے میں نواز شریف نے اہم مصروفیات منسوخ کر دی ہیں ۔ وزیر اعظم بیرونی دوروں کے پہلے مرحلے میں آئندہ چھتیس گھنٹوں میں ترکی جائیں گے اور ترک حکام کو پاکستانی پالیسی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے ۔ پاکستان نے کشیدگی کےخاتمے کیلئے تمام ممالک کو ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے بیرونی محاذ پر پاکستان کا کردار عالم اسلام کے حوالے سے مثبت نتائج کا حامل ہوگا ۔ –

تبصرے بند ہیں.