سعودی عرب میں شاعر کو ایک سال کی سزا

سعودی عرب کی سکیورٹی عدالت نے ایک شاعر اور صحافی حبیب المطق کو ایک سال قید کی سزا سنا دی۔

ریاض: (آن لائن) سعودی عرب کی ایک سکیورٹی عدالت نے ایک شاعر اور صحافی حبیب المطق کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حبیب المطق کو عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں تھے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان پر کس جرم کے تحت مقدمہ چلایا گیا ہے لیکن وہ اس ویب سائٹ سے منسلک تھے جو سیاسی اصلاحات کے لیے ہونے والے مظاہروں کی کوریج کر رہی تھی۔ حبیب المطق کی گرفتاری کے ایک روز بعد ان کے ایک ساتھی حسین ملک السلام کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ حکام نے ایک اور ویب سائٹ کو چلانے والے جلال محمد الجلال کو بھی ان ہی دنوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حبیب المطق کو فرروی 2012 میں مشرقی شہر جبیل سے گرفتار کیا گیا جہاں شیعہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد ملک میں سیاسی اصلاحات کے لئے احتجاجی مظاہرے کر رہے تھے۔ حبیب المطق کا تعلق بھی شیعہ مسلک سے ہے اور ان کو الفجر کلچرل نیٹ ورک ویب سائٹ کے دفتر سے گرفتار کیا گیا جو ملک میں سیاسی اصلاحات کے لیے ہونے والے مظاہروں کی خبریں دے رہی تھی۔ 2011ء میں مشرقی صوبے میں احتجاج کے شروع ہونے کے بعد سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی اکثریت ابھی بھی جیل میں ہیں۔ سکیورٹی فورسز پر الزام لگایا گیا تھا کہ انھوں نے احتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا اور دس احتجاجی مظاہرین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ سعودی عرب کے حکام کا موقف ہے کہ فوجیوں نے صرف مسلح افراد کو نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے بند ہیں.