سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلیے عمرے کا کوٹا کم کر دیا، ایک لاکھ افراد کے محروم رہنے کا امکان

کراچی: سعودی حکومت نے پاکستان کا عمرے کا کوٹا کم کردیا ہے جس کی وجہ سے اس سال شعبان اور رمضان کے مہینوں میں ایک لاکھ سے زائد عمرہ زائرین عمرے پر نہیں جاسکیں گے۔ حج گروپ آرگنائزرز نے نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوٹے کی بحالی کے سلسلے میں سعودی حکومت سے بات چیت کرے۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان اور عراق کیلیے عمرے کا کوٹا نصف سے بھی کم کردیا ہے جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران ہزاروں پاکستانی اور عراقی عمرے پر سعودی عرب گئے لیکن واپس نہیں آئے جس کا سعودی حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے اور کوٹا کم کر دیا۔واضح رہے کہ ہر سال4 سے ساڑھے4 لاکھ زائرین پاکستان سے سعودی عرب جاتے ہیں۔2011 میں 4 لاکھ 38ہزار پاکستانی عمرہ ادا کرنے کیلیے سعودی عرب گئے تھے جبکہ 2012 میں یہ تعداد 4 لاکھ82ہزار تھی اور اس سال اب تک3لاکھ 15ہزار کے لگ بھگ زائرین عمرے کی ادائیگی کیلیے گئے جبکہ شعبان اور رمضان میں سوا لاکھ زائرین کو عمرے کی ادائیگی کیلیے جانا تھا تاہم کوٹے کی کٹوتی کے بعد اب صرف25 ہزار کے قریب زائرین عمرے کیلیے جاسکیں گے۔ حج گروپ آرگنائزرز نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت نے5 رجب کو پاکستان کا عمرے کا90 فیصد کوٹا کم کردیا۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان حاجی سعید نے نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی حکومت سے بات چیت کرے اورکوٹا بحال کرائے۔ حج عمرہ و زیارات کمیٹی کے چئیرمین مولانا عون نقوی نے سعودی حکومت کی جانب سے عمرے کا کوٹا کم کرنے پرگہری تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ پاکستان کے عوام مکہ اور مدینہ سے انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اس عقیدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوٹا کم کرنے کے بجائے بڑھانا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.