سانحہ راولپنڈی؛ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں پولیس اور انتظامیہ ذمہ دار قرار
سانحہ راولپنڈی کے حقائق جاننے کےلئے قائم کی جانی والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی جس میں انتظامیہ اور پولیس کو سانحہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے تشکیل دی جانے والی 3 رکنی کمیٹی نے جائے وقوعہ، سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ جب کہ پولیس اور انتظامیہ سمیت 150 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ابتدائی رپورٹ مکمل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطہ اتنا مضبوط نہیں تھا جتنا ہونا چاہئے تھا، پولیس اور انتظامیہ میں عدم رابطے کے باعث سانحہ پیش آیا اور بروقت کارروائی نہ کرنے کے باعث اس میں شدت آئی۔ کمیٹی کی جانب سے سانحہ راولپنڈی کی ابتدائی رپورٹ اگلے دو روز میں وزیراعلی پنجاب کو پیش کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 17 نومبر کو سانحہ راولپنڈی کے حقائق جاننے کے لئے سابق چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم نجم سعید کی سربراہی میں تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے دیگر ارکان میں ندیم ارشاد کیانی اور انویسٹی گیشن افسر محمد عملش بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ عاشورہ کے روز راولپنڈی میں دو گروپوں میں تصادم کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس دوران شرپسند عناصر نے راجا بازار اور ایک مسجد کو بھی آگ لگا دی تھی۔
تبصرے بند ہیں.