زینب قتل کے ملزم عمران کو آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائیگا

لاہور: 

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے زینب قتل کیس کی روزانہ سماعت کا حکم دے دیا اور ملزم عمران کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آج پہلی سماعت ہوگی۔

بہاولپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی ہے کہ چیف منسٹر نے زینب کیس کے جلد فیصلے کی درخواست کی ہے جس پر میں میڈیا کے ذریعے ہی چیف منسٹر کو پیغام دے رہا ہوں کہ اس کیس کی روزانہ سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ججز کو کہہ دیا ہے کہ وہ زینب کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں اور جلد از جلد کیس کا فیصلہ کریں۔

دریں اثنا قصور میں 8 بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم عمران کو آج سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں جج شیخ سجاد ملزم عمران کے خلاف مقدمات کی سماعت کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.