ریکارڈ 8 ٹائٹلز جیتنے کیلیے فیڈرر کی مہم آج شروع ہوگی
لندن: سیزن کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ پیر سے شروع ہورہا ہے، ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ٹرافی جیتنے کی مہم کا آغاز دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر، رومانیہ کے وکٹر ہینسکو کیخلاف میچ سے کریں گے۔ برطانوی اسٹار اینڈی مرے جرمن حریف بینجمن بیکر کیخلاف میدان میں اتریں گے،رافیل نڈال کو اسٹیو ڈارسز سے نبرد آزما ہونا پڑے گا،جوئے ولفریڈسونگا کا ٹاکرا مارن کلک سے ہوگا، ویمنز سنگلز میں ماریا شراپووا کا مقابلہ کرسٹینا میلڈینووک سے جبکہ وکٹوریا آذرنیکا کی پہلی آزمائش ماریا جوآؤ کوئیلرر سے ہوگی، ورجینیا روزانو کو اینا ایوانووک کیخلاف صف آرا ہوں گی، کیرولین ووزینسکی بھی ایسٹریلا سیبازا کینیڈیلا سے ٹکرائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں پیر کو ابتدائی دن دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر سمیت کئی پلیئرز ایکشن میں نظر آئیں گے، 2003 میں پہلی مرتبہ آل انگلینڈ کلب میں چیمپئن بننے والے فیڈرر اپنی ٹائٹل فتح کی 10ویں سالگرہ بھی منارہے ہیں، اب تک سات مرتبہ آل انگلینڈ کلب ایونٹ جیتنے والے فیڈرر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا عزم لیکر میدان میں اتریں گے۔ ایونٹ کے ڈراز کے مطابق سات مرتبہ کے چیمپئن راجرفیڈرر اور دو بار کے فاتح رافیل نڈال کا ممکنہ ٹکراؤ کوارٹر فائنل میں ہوسکتا ہے، چیمپئن شپ میں ورلڈ نمبرون نووک جوکووک کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ سیکنڈ سیڈ اینڈی مرے بھی سیمی فائنل مرحلے سے قبل فیڈرر اور نڈال کی راہ میں آئیں گے، ایونٹ 7 جولائی تک جاری رہے گا، گذشتہ برس سیکنڈ راؤنڈ میں ہارجانے والے نڈال کا پہلا ٹاکرا بیلجین حریف اسٹیو ڈارسز سے ہوگا، فیڈرر نے 2006 اور 2007 کے فائنلز میں نڈال کوٹھکانے لگایا ہے، تاہم نڈال نے 2008 میں لندن ٹائٹل جیت کر ان شکستوں کا انتقام لے لیا ہے، برطانوی اسٹار اینڈی مرے کا پہلا مقابلہ دوسرے جرمن پلیئر بینجمن بیکر سے ہوگا، فرنچ اسٹار جوئے ولفریڈسونگا کا ابتدائی میچ کروشین پلیئر مارن کلک سے طے ہے، راجرفیڈرر نے اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گرینڈ سلم ایونٹس جیتنا کبھی بھی آسان خیال تصور نہیں کیا جاتا، لیکن میں اس چیلنج کیلیے تیار ہوں، اگرچہ مجھے خاصا مشکل ڈرا ملا ہے، میں اس سے نہیں گھبراتا، اس پر کسی کا اختیار نہیں ہے۔
تبصرے بند ہیں.