روزہ رکھ کر ٹریننگ کیمپ میں شریک ہونے پر شکیل عباسی کیمپ سے فارغ
لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کوچ اختر رسول نے روزہ رکھ کر ٹریننگ کیمپ میں شریک ہونے پر اولپپیئن شکیل عباسی کو کیمپ سے فارغ کر دیا ہے۔ اختر رسول کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کے لیے لگائے گئے ٹریننگ کیمپ کےدوران روزہ رکھنے سے منع کیا گیا تھا کیونکہ روزہ رکھ کر ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر پاتے، شکیل عباسی کو کئی بار روزہ ترک کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا اور اب خلاف ورزی پر ان کو کیمپ سے فارغ کردیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روزے عید کے بعد بھی رکھے جا سکتے ہیں تاہم اس دوران ٹریننگ میں کمی واقع ہو گی اس کی کوئی قضا نہیں ہے، شکیل عباسی سے کہا ہے کہ وہ ابھی جا کر روزے رکھیں ان کا معاملہ بعد میں دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آئندہ ملائیشیا میں ایشیا کپ میں شرکت کرے گی اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اسے یہ ٹورنامنٹ جیتنا لازمی ہے۔
تبصرے بند ہیں.