دہلی میں سید علی شاہ گیلانی کا فلیٹ ضبط

محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی میں سینئر حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کا فلیٹ ضبط کرلینے کا حکم دیا ہے۔ گیلانی کے نام انکم ٹیکس ریکوری آفیسر نے لکھا کہ آپ سے 3,62,62,160 روپے وصول طلب ہیں۔ جنوبی دہلی کے مالویہ نگر میں واقع یہ جائیداد تاحکم ثانی کسی کو منتقل نہیں کی جاسکتی۔ سید علی شاہ گیلانی ‘ جموں وکشمیر میں حریت کانفرنس کے سخت گیر دھڑے کی قیادت کرتے ہیں۔ وہ ریاست کو پاکستان میں ضم کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب محکمہ انکم ٹیکس نے 3 کروڑ 62 لاکھ کی ٹیکس چوری کے معاملہ میں سخت گیر کشمیری علیحدگی پسند قائدین سید علی شاہ گیلانی کا دہلی والا مکان ضبط کرلیا۔ ان کا یہ فلیٹ جنوبی دہلی کے علاقہ کھڑکی ایکسٹنشن کے مالویہ نگر میں واقع ہے۔ محکمہ نے انکم ٹیکس ایکٹ سکشن 222 کے تحت یہ کارروائی کی ہے۔ محکمہ نے ضبطی کا حکم 29 مارچ کو جاری کیا تھا۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے گذشتہ ماہ سید علی شاہ گیلانی پر 10 ہزار امریکی ڈالر غیرقانونی طورپر اپنے پاس رکھنے کے 17 سال پرانے کیس میں 14 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ اس نے 10 ہزار ڈالر کی رقم بھی ضبط کرلی تھی۔ یہ رقم سال 2002میں سری نگر میں سید علی شاہ گیلانی کے حیدر پورہ والے بنگلہ پر دھاوے میں ضبط کی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.