دولت مشترکہ کا سربراہ اجلاس شروع، وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کے نمائندہ

دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے سربراہان کا اجلاس سری لنکا میں شروع ہوگیا جس میں وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پکونا مہندرا جائے پاکسے تھیٹر میں دولت مشترکہ کے اجلاس کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم پاکستان نوازش ریف سمیت 53 رکن ممالک کے سربراہان نے شرکت کی، رنگا رنگ تقریب میں مقامی گلوکاروں اور رقاصوں نے ثقافتی ملبوسات پہن کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ تقریب میں موجود شرکا تامل گیتوں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکن صدر مہندرا راجا پاکسے کا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کو آج متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن کا رکن ممالک کو مل کر سامنا کرنا ہوگا۔ سری لنکا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نہیں ہورہیں، پچھلے چند سالوں میں ملک میں غربت کی شرح میں واضح کمی ہوئی جبکہ 4 سالوں میں سری لنکا میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ واضح رہے کہ دولت مشترکہ کا اجلاس ہر 2 سال بعد ہوتا ہے تاہم سری لنکن صدر پر جمہوری روایات اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کے الزامات کی بنا پر کینیڈا، بھارت اور موریشس کے وزرائے اعظم اس سال سربراہی اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہیں کررہے، ان ممالک کے وزارائے اعظم کا کہنا ہے کہ مہندرا راجا پاکسے کو اس جلاس کی میزبانی کی اجازت نہیں دینی چاہئے تھی۔

تبصرے بند ہیں.