دور جاہلیت کی یاد تازہ، نومولود بچیاں پھینک دیں

شیخوپورہ، گوجرنوالہ روڈ پر ریلوے کراسنگ کے قریب اہل علاقہ نے بچیوں کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے دونوں بچیوں کو تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال کی نرسری وارڈ میں داخل کروا دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق دونوں بچیوں کو آکسیجن دی جا رہی ہے۔ ایک بچی کی حالت تشویشناک جبکہ دوسری صحت مند ہے۔ دوسری جانب کراچی میں نامعلوم شخص تین معصوم بچیوں کو کھارادر پولیس سٹیشن میں چھوڑ گیا۔ پولیس نے بچیوں کو عبدالستار ایدھی کے حوالے کر دیا۔ میٹھا در ایدھی سینٹر میں موجود یہ ننھی پریاں صائمہ، عتیقہ اور آمنہ ہیں جو سوائے اپنا نام بتانے کے اور کچھ نہیں جانتیں۔ کراچی کے علاقے کھارادر سے ملنے والی ان بچیوں کو کوئی شخص پولیس سٹیشن چھوڑ گیا جس کے بعد پولیس نے انہیں فلاحی ادارے ایدھی سینٹر منتقل کر دیا۔ ایدھی سینٹر کے روح رواں عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ ان بچیوں کے ورثاء کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی تاہم اگر کوئی غربت سے تنگ آ کر خود انہیں چھوڑ گیا ہے تب بھی ان کی دیکھ بھال کی ذمے داری ایدھی سینٹر ہی کرے گا۔ چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے پیش پیش رہنے والی بلقیس ایدھی کا کہنا تھا کہ تینوں بچیاں نہایت بُرے حلیے میں تھیں۔ ان کے میلے کچیلے کپڑوں سے یہ اندازہ ہو رہا تھا کہ ان کا تعلق کسی غریب گھرانے سے ہے۔ یہ معصوم کلیاں کسی وجہ سے اپنے خاندان سے جدا ہوئیں یا پھر کوئی انہیں خود زمانے کے رحم و کرم پر چھوڑ گیا اس حوالے سے پولیس تحقیات کر رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.