دل چاہتا ہے زینب کے گرفتار قاتل کو سرعام پھانسی دوں، شہباز شریف

لاہور: 

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری اداروں کی مشترکہ کوششوں سے زینب کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے مجرم عمران سیریل کلر ہے۔

لاہور میں مقتولہ زینب کے والد اور وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زینب قتل کیس کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کے ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیز اور دیگر اداروں کی انتھک محنت کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو کہ سیریل کلر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے پنجاب کی کیبنٹ کمیٹی، وزرا اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کیس کی پیروی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 1150 ڈی این اے ٹیسٹ کی جانچ پڑتال کے بعد یہ درندہ صفت انسان پکڑا گیا جس کے بعد اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا جس میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ننھی زینب کا قاتل ایک سیریل کلر ہے جس نے معصوم بچی کا درندگی کے ساتھ قتل کیا، ملزم کا نام عمران ہے جو قصور کا رہائشی ہے۔

تبصرے بند ہیں.