برمنگھم: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بدھ کو ایجبسٹن میں ہوگا۔ ٹرافی کی دوڑ میں شامل رہنے کیلیے دفاعی چیمپئن کینگروز کو ہر صورت فتح درکار ہے، مائیکل کلارک کمر کی تکلیف کے بعد یہ اہم میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے، دوسری جانب نیوزی لینڈ بھی سیمی فائنل میں سیٹ پکی کرانے کیلیے بیتاب ہے، ابتدائی میچ میں کامیابی سے حوصلے انتہائی بلند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود آسٹریلیا کو پہلے مقابلے میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، اب انھیں گروپ اے میں اپنے باقی دونوں میچز میں کامیابی درکار ہے۔ کینگروز کیلیے ایک بری خبر ان کے کپتان مائیکل کلارک کا فٹ نہ ہوپانا ہے، وہ کمر کی تکلیف سے دوچار ہونے کی وجہ سے ایونٹ سے پہلے وارم اپ میچز اور پھر پہلا میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے، وہ اس وقت بھی لندن میں زیر علاج ہیںٹیم فزیو الیکس کا کہنا ہے کہ مائیکل کلارک اس وقت بھی اپنا علاج کروا رہے اگرچہ ان کی حالت میں بہتری آرہی مگر اتنی بھی نہیں کہ وہ میچ کھیل پائیں ہم ان بغور جائزہ لے رہیں اور گروپ میں سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں بھی ان کی شرکت کا فیصلہ پوری تسلی کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اپنا تیسرا میچ 17 جون کو کھیلے گا۔ کلارک کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت بدستور جارج بیلی کے ہاتھوں میں ہوگی، آسٹریلوی ٹیم اپنی پڑوسی سائیڈ کیویز پر ہاتھ صاف کرکے کھاتہ کھولنے کیلیے بے چین ہے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ بھی اس کا کھاتہ بلکل ہی بند کرنے پر تلے بیٹھے ہیں، سری لنکا کے خلاف انتہائی سنسنی خیز میچ میں ایک وکٹ سے فتح پائی تھی مگر اس سے کیویز کے حوصلے کافی بلند ہوچکے اور وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلیے پرعزم ہیں، فاتح پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
تبصرے بند ہیں.