خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال 16۔2015ء کا بجٹ منظور کر لیا

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال 16۔2015ء کا چار کھرب 87ارب سے زائد کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ اپوزیشن نے بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کر کے اپنے حلقوں کا نقصان کیا۔ 

پشاور: () خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا۔ اپوزیشن کی چار بڑی جماعتوں اے این پی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے چار کھرب 87 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ ایوان میں فنانس بل بھی ترمیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا جبکہ 487 ارب روپے کے مطالبات زر بھی منظور کر لئے گئے۔ بجٹ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا جن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کر کے اپنے حلقوں کا نقصان کیا۔ انہوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر واپڈا اور مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ بجٹ کے حوالے سے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع کو مساویانہ فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔42 ہزارمنتخب نمائندے اب عوام کی خدمت کریں گے۔ایوان میں موجود اپوزیشن جماعت قومی وطن پارٹی نے حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کی اپنی سی کوشش کی۔ قومی وطن پارٹی کے اے ایم پی ایز نے اپوزیشن کی چاروں جماعتوں سے ایوان میں واپس آنے اور ضمنی بجٹ بحث میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔

 

تبصرے بند ہیں.