خیبرپختونخوا:سہ فریقی اتحاد کا دھاندلی کیخلاف احتجاج ، دکانیں بند کرا دیں، تاجروں پر تشدد

پشاور)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سہ فریقی اتحاد کا بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، پشاور میں مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کروا دیں ، تاجروں پر تشدد

بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اے این پی ، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں شٹرڈاون ہڑتال کی کال دی گئی تھی ۔ پشاور میں صبح ہی سے تینوں جماعتوں کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرے کئے ۔ یونیورسٹی روڈ پر اے این پی اور جے یو آئی کے کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں ۔ اس موقع پر اے این پی کے رہنما میاں افتخار بھی موجود تھے جو خود دکانیں بند کرانے کی ہدایات دیتے رہے ۔ کارکنوں کی جانب سے دکانیں بند نہ کرنے والے تاجروں پر تشدد بھی کیا گیا ۔ جلوس گزرنے کے بعد تاجروں نے یونیورسٹی روڈ پر احتجاج کیا اور اے این پی کا جھنڈا نذر آتش کیا ۔ ہشتنگری میں بھی سہ فریقی اتحاد کے کارکنوں نے دکانیں زبردستی بند کرا دیں ۔ قصہ خوانی بازار میں بھی زور زبردستی سے مارکیٹیں بند کروا دی گئیں ۔ صدر ، نمک منڈی ، کوہاٹی اور گنج میں بھی احتجاج کے دوران نقصان سے بچنے کیلئے تاجروں نے تجارتی مراکز بند کر دیئے۔ –

تبصرے بند ہیں.