حکومت سازی کے بعد صوبوں میں ایماندار آئی جیز تعینات ہونگے،ذرائع
ملک بھرمیں قیام امن کے لیے مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے وفاق میں حکومت سازی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد تمام صوبوں میں ایمان دار اور میرٹ کے مطابق پولیس آئی جیز تعینات کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ تمام صوبوں میں آئی جی افسران کی تبدیلی مرحلہ وار کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاق میں حکومت سازی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد وزارت داخلہ میں ایک رابطہ کار کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ یہ کمیٹی وفاقی وزیرداخلہ کی نگرانی میں کام کرے گی۔ اس کمیٹی میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چاروں صوبوں بشمول گلگت وبلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز اور صوبائی سیکریٹریز داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عسکری اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی ملک بھرمیں قیام امن کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے گی اور جس صوبائی حکومت کو امن و امان کے لیے وفاق کی مدد کی ضرورت ہوگی، وہ انھیں مہیا کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ نئی بننے والی وفاقی حکومت اپنے قیام کے بعد مرحلہ وار تمام آئی جیز افسران، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور دیگر اداروں میں اعلیٰ سطح پر انتظامی تبدیلیاں کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.