حکومت جھوٹی تسلیوں کےبجائے قوم کو ڈرون حملوں سے متعلق اصل حقائق بتائے، الطاف حسین

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ٹل میں مدرسے پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جھوٹی تسلیاں دینے کے بجائےقوم کو ڈرون حملوں سے متعلق اصل حقائق بتائے۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے امریکی ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشیرامورخارجہ سرتاج عزیز نے گذشتہ روز قوم کو یقین دلایا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے دوران امریکا کی جانب سے دوران حملے نہیں کئے جائیں گے، لیکن مشیر خارجہ کی یقین دہانی کو24 گھنٹے بھی نہیں گزرے اور امریکا نے ڈرون حملہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم غیرملکی دورے چھوڑکرملک کودرپیش سلامتی کے بحران پرتوجہ دیں، اگر طالبان سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں تواس بارے میں قوم کو دوبارہ اعتماد میں لیا جائے۔ واضح رہے کہ آج صبح امریکی جاسوس طیارے نے ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے ٹنڈر میں مدرسہ مکتبہ دارالعلوم کو نشانہ بنا کر 4 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

تبصرے بند ہیں.