جب بھی مذاکراتی عمل شروع ہوتا ہے تو دہشتگردی میں تیزی آ جاتی ہے، عمران خان

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو سیاسی رنگ دینے والی جماعتوں کو شرم آنی چاہیے۔ عمران خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسئلے حل کیے جائیں لیکن جب بھی مذاکرات کے حوالے سے فیصلہ ہوتا ہے تو اس قسم کے واقعات ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور اب ڈرون حملہ بھی ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی صورت انسان نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی واقع پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی سطح پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا اور کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے فی کس امداد کا بھی اعلان کردیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.